مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کو واپس 24ویں نمبر کی معیشت بنانا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی واپسی سے متعلق مشاورت مکمل کرلی گئی ہے، میں بھی بدھ کو وطن واپس جارہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا بیانیہ بڑا واضح ہے، عوام نے موقع دیا تو نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت سنبھالنے سے پہلے پاکستان کا ڈیفالٹ کا خطرہ سو فیصد تھا، عالمی اور کچھ اندرونی قوتیں پاکستان کو سری لنکا بنانا چاہتی تھیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہماری جنگ پاکستان کو بچانے کے لیے ہے۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان کی ترقی کے معمار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں ملکی ترقی کی شرح ساڑھے چھ فیصد تھی، وہ اسی ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کے لیے آرہے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنما اور کارکنان نواز شریف کے فقید المثال استقبال کی تایری کریں، نواز شریف طے شدہ پروگرام کے مطابق 21 اکتوبر کو ہی پاکستان تشریف لائیں گے۔