وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اب بہتری کی طرف گامزن ہے اور یقین ہے کہ یہ بلندیوں کی طرف گامزن ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں بینک آف چائنا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں، یقین ہے کہ ملکی معیشت بلندیوں کی طرف گامزن ہوگی تاہم ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے ضروری ہیں اور سی پیک ترقی کے ثمرات کو عام آدمی تک پہنچانے کا ذریعہ بنے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور بینک آف چائنا کے درمیان تعاون جاری رہے گا جس سے باہمی تجارت کو فروغ ملے گا۔ یہ بینک پاکستان کے لیے اہم پارٹنر ثابت ہوگا جو ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ بینکنگ کی جدید سہولیات سے معیشت مزید مستحکم ہوگی۔ دوستی اور ترقی کے فروغ میں بینک آف چائنا کا کردار اہم ہوگا۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ نواز شریف نے چینی قیادت سے مل کر سی پیک منصوبہ شروع کیا وہ 2017 میں پاکستان کو عالمی معیشت میں 24 ویں پر نمبر لائے تھے۔