اسلام آباد : جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تقریر کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔
پارلیمنٹ سے باہر رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طریقے سے اسحاق ڈار پڑھ رہے تھے اسے دیکھ کر حیرت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لگ رہا تھا کہ جیسے کوئی راجہ آیا اوربم گرا کرچلا گیا، اسحاق ڈار آئے اور لکھی ہوئی تقریر پڑھ کر چلے گئے۔
سائرہ بانو نے کہا کہ ان کو اندازہ ہی نہیں ہے وہ جو پڑھ رہے ہیں اس کے کیا اثرات مرتب ہونگے، تقریر میں سارا کچھ جھوٹ تھا کہ غریبوں پرٹیکس نہیں ہوگا صرف امیروں پر ہوگا۔
جی ڈی اے کی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مجھے اس وقت ہنسی آرہی تھی جب وہ کہہ رہے تھےکہ سادگی اپنائیں، کیا سادگی صرف عوام کیلئے رہ گئی ہے؟ عوام کیا کیڑےمکوڑے ہیں؟ پہلے خود تو سادگی اپنائیں ان کے لباس اور گاڑیاں دیکھی ہیں آپ نے؟
انہوں نے کہا کہ اپنی بڑی گاڑیوں کے لئے پانچ سوروپے فی لیٹر پیٹرول کریں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول سستا کریں۔
صرف شہداد پور میں اب تک چار لوگ خودکشی کرکے اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں، اب آگے پتا نہیں کیا ہوگا، یہ سارے پیسے جو آئیں گے آدھے ان کی عیاشیوں پرلگ جائیں گے۔