اسلام آباد (16 اگست 2025): پاکستان کے دفتر خارجہ نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ برطانیہ کا شیڈول جاری کر دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار 17 سے 19 اگست 2025 تک برطانیہ کا سرکاری دورہ کریں گے جہاں لندن میں ان کی برطانوی ڈپٹی وزیر اعظم اینجلارینر سے ملاقات ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، اسحاق ڈار
ترجمان نے بتایا کہ ان کی پارلیمانی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ ہمیش فالکنرسے بھی ملاقات ہوگی جبکہ دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی ایورکوربوچوے کے ساتھ بھی میٹنگ طے ہے۔
شفقت علی خان کے مطابق وہ لندن میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زمین کی دستاویزات کے مسائل حل کرنے میں سہولت ملے گی۔
نائب وزیر اعظم برطانوی پارلیمنٹرینز، کشمیری رہنماؤں اور برطانوی پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے بھی خطاب بھی کریں گے۔