اسلام آباد (18 جولائی 2025): نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار رواں ماہ امریکا کا اہم دورہ کریں گے جس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار 21 سے 24 جولائی 2025 تک امریکا کا دورہ کریں گے۔ پاکستان بطور صدر سلامتی کونسل 2 اہم ایونٹس کی میزبانی کرے گا، سلامتی کونسل میں 22 جولائی کو کثیر فریقی طریقہ کار پر مباحثہ ہوگا، تنازعات کے پرامن تصفیے کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے فروغ پر مباحثہ بھی ہوگا جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
24 جولائی کو ’اقوام متحدہ و علاقائی تنظیموں کے تعاون‘ پر بریفنگ ہوگی جس میں یو این اور او آئی سی کے درمیان تعاون پر بھی بات ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ 22 جولائی کو سلامتی کونسل سے بطور صدر خطاب کریں گے۔ دورہ امریکا کے دوران ان کی سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس سے ملاقات متوقع ہے۔
23 جولائی کو اسحاق ڈار فلسطین کے مسئلے پر کونسل کے سہ ماہی مباحثے کی میزبانی کریں گے، وہ ممکنہ طور پر واشنگٹن بھی جائیں گے جہاں ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو و دیگر حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔