احتساب عدالت میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ان کی حاضری کی درخواست منظور کرلی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت پر وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف میٹنگ میں شرکت کے لیے امریکا گئے ہوئے ہیں لہذا ان کی آج پیشی سے معافی دی جائے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار کی جانب سے 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی عدالت میں جمع کرا دیے گئے۔
احتساب عدالت نے وزیر خزانہ کی حاضری معافی کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے سماعت 9 نومبر تک ملتوی کردی۔
یہ بھی پڑھیں: اثاثہ جات ریفرنس، اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے تھے اور انہیں 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔