اسلام آباد : وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا دورہ امریکا سیاسی صورتحال کے باعث منسوخ کردیا گیا ، وزیرخزانہ نے 10اپریل سے عالمی بینک،آئی ایم ایف اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا دورہ امریکا منسوخ ہوگیا ، وزیرخزانہ نے 10اپریل سے عالمی بینک،آئی ایم ایف اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ وزیرخزانہ کا دورہ امریکا سیاسی صورتحال کی وجہ سے منسوخ کیا گیا، وزیرخزانہ نے اپنےدورہ امریکاکےدوران یواےای حکام سے بھی ملاقاتیں کرنا تھیں تاہم یو اے ای حکام سے ملاقاتوں کو ابھی کوئی شیڈول دوبارہ ترتیب نہیں دیا گیا۔
عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاس میں پاکستانی وفد شرکت کرے گا ، پاکستانی وفد میں گورنراسٹیٹ بینک،سیکریٹری خزانہ،اقتصادی امور شامل ہیں ، پاکستانی وفد آئی ایم ایف حکام سے قرض پروگرام کی بحالی پر بات چیت کرے گا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نےحکومت کی طرف سےسستاپیٹرول پروگرام پراعتراض کررکھا ہے جبکہ آئی ایم ایف کو ابھی تک پاکستان کوملنے والی بیرونی فنڈنگ کی تصدیق نہیں ہوئی۔
گذشتہ روز سعودی عرب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو دو ارب کی فنڈنگ کی یقین دہانی کرائی تھی، ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لئے سعودی عرب کے دو ارب ڈالر کی تصدیق کردی تھی۔
ذرائع کے مطابق رقم پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر کے لیے فراہم کی جائے گی تاہم وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب پر فنڈنگ کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔