کابل میں خودکش حملہ کس نے کیا؟

شدت پسند تنظیم داعش نے کابل حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

داعش گروپ نے گزشتہ روز کابل میں ایک مہلک خودکش بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

منگل کو ایک ٹیلی گرام پوسٹ میں داعش نے کہا کہ اس کے ایک رکن نے گزشتہ روز افغان دارالحکومت میں دھماکہ خیز جیکٹ سے حملہ کیا جس میں طالبان حکومت کی پراسیکیوشن سروس کو نشانہ بنایا گیا۔

پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ بمبار نے سرکاری ملازمین کی شفٹوں کے ختم ہونے تک انتظار کیا اور پھر ایک ہجوم کے درمیان دھماکا خیز مواد سے خود کو اڑا دیا۔

کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کے مطابق کابل کے جنوبی علاقے قلعہ بختیار میں ہونے والے حملے میں تیرہ افراد زخمی ہوئے۔

داعش نے ہلاکتوں کی تعداد 45 سے زائد بتاتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ "طالبان کی جیلوں میں قید مسلمانوں” کا بدلہ تھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق خودکش حملے میں ایک خاتون سمیت 6 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 13زخمی ہیں، دھماکے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔