خطرناک وائرس پاکستان منتقل ہونے کا خطرہ ، اسلام آباد ایئرپورٹ پراسکریننگ ڈیسک قائم

سعودی عرب

اسلام آباد : کرونا وائرس پاکستان منتقل ہونے کے خدشے کے پیش نظر اسلام آباد ایئرپورٹ پراسکریننگ ڈیسک قائم کردیا گیا ، جہاں چین سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کا ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظراسلام آباد ایئرپورٹ پراسکریننگ ڈیسک قائم کردیا گیا ، اسکریننگ ٹیسٹ چین سےآنے والی پروازوں کےمسافروں کا کیا جارہا ہے، اسکریننگ ڈیسک کے ساتھ ماہر ڈاکٹرزبھی موجود ہے۔

ایئرپورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ وائرس کی تشخیص پر متاثرہ مریض کو پمز اسپتال منتقل کیا جائےگا، کرونا وائرس اسکریننگ آلات ہمارےپاس موجود تھے،
وائرس کےممکنہ خطرے کے باعث ڈیسک بنا دی گئی۔

مزید پڑھیں : چین سے خطرناک وائرس پاکستان منتقل ہونے کا خطرہ

اس سے قبل چین سے کرونا وائرس کی پاکستان منتقلی کے خدشے کے تحت قومی ادارہ صحت نے ہدایت نامہ جاری کیا تھا ، ہدایت نامے میں کہا گیا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کے سبب نمونیا کیس سامنے آرہے ہیں جبکہ جاپان، تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا میں کرونا وائرس پایا گیا ہے، متاثرہ ممالک سے کرونا وائرس کے دیگر ممالک بھی منتقلی کا خدشہ ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق 15 روز میں چین سے آنے والے، کرونا کے مشتبہ مریض تصور ہوں گے۔ طبی عملہ کرونا کے مشتبہ مریض کے معائنے میں احتیاط برتے اور عملہ کرونا کے مشتبہ مریض کے معائنے کے وقت ناک اور منہ ڈھانپیں۔

ہدایت نامے میں کہا گیا تھا کہ ایڈوائزری جاری کرنے کا مقصد سرحد پر تعینات عملے اور متعلقہ حکام کو الرٹ کرنا ہے۔ متعلقہ حکام کرونا وائرس سے متعلق قبل از وقت انتظامات یقینی بنائیں۔