اسلام آباد: جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد گرفتار

مشتاق احمد

اسلام آباد پولیس نے جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کو گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی جانب سیوہ غزہ مارچ کیا گیا اس دوران پولیس نے سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 20 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

مظاہرین کو ڈی چوک کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، خلاف ورزی کرنے والے کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر جلسے جلوس کی اجازت نہیں۔

وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے اپیل کی تھی کہ شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تنبیہ کی تھی کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا سامنا ہو گا۔