اسلام آباد میں موسلادھار بارش، برساتی نالے بپھر گئے ، کئی علاقے زیرِ آب

اسلام آباد میں موسلادھار بارش، برساتی نالے بپھر گئے

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش پھر امتحان بن گئی، نیوچٹھہ بختاور کا علاقہ زیرآب آگیا اور نالے بپھر گئے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے جاری بارش نے ایک بار پھر شہری زندگی کو متاثر کر دیا۔

مارگلہ کی پہاڑیوں سے آنے والے تیز ریلے کے باعث برساتی نالے بپھر گئے، جس کے نتیجے میں نیو چٹھہ بختاور سمیت کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

نیو چٹھہ بختاور کا علاقہ شدید موسلا دھار بارش کے بعد تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔ گلی نمبر 6، 7، 8، 9، 10 اور 11 میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا، جس سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق، نالے کے کنارے غیرقانونی تعمیرات اور نکاسی آب کا ناقص نظام نقصان کی بڑی وجہ بنے۔

چک شہزاد اور پارک روڈ کے اطراف میں بھی برساتی نالے اوور فلو ہو گئے، جہاں کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے۔

راول ڈیم میں پانی کی سطح ایک بار پھر بلند ہونا شروع ہو گئی، جس کے بعد اسپل وے کھول دیے گئے تاکہ اضافی پانی کا دباؤ کم کیا جا سکے۔

سی ڈی اے اور این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور نکاسی آب کا کام شروع کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق، نیو چٹھہ بختاور میں پانی کی سطح اب کافی حد تک کم ہو چکی ہے، تاہم متاثرہ علاقوں میں صفائی اور بحالی کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب گجرات میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں میاں بیوی زخمی ہو گئے۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر فوری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، تاکہ شہریوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔