اسلام آباد: گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع

اسلام آباد( 23 جولائی 2025): نجی سوسائٹی میں سیلابی ریلے میں ڈوبے والی گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام ہاؤسنگ سوسائٹی میں گاڑی آبی ریلے میں بہہ گئی تھی، اس گاڑی میں کرنل(ر)اسحاق اور انکی بیٹی سوار تھے۔

عینی شاہدین نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ گاڑی میں باپ بیٹی سوار تھے، کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی لیکن پانی کابہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دونوں افراد کار سمیت پانی میں بہہ گئے۔

رات گئے تک اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا لیکن دریائے سواں اور نالہ لئی میں طغیانی کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔

اسلام آباد : گاڑی میں سوار باپ ، بیٹی سیلابی ریلے میں بہنے کی ویڈیو سامنے آگئی

تاہم اب روشنی ہوتے ہی راولپنڈی کی حدود میں دریائے سواں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، ریسکیو ٹیمیں کشتیوں، ماہرین اور جدید آلات کی مدد سے آپریشن کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔