اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے فاسٹ بولر رومان رئیس کو ٹیم کا بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر رومان رئیس انجری کے باعث بطور کھلاڑی پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن سے باہر ہوگئے تاہم وہ ٹورنامنٹ کے دوران بولنگ کنسلٹنٹ کے فرائض انجام دیں گے۔
ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رومان رئیس اس بار ہیڈ کوچ یوہان بوتھا کے ساتھ ٹیم کے بولرز کی صلاحیتوں کو بہتر کرنے میں کردار ادا کریں گے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم انتظامیہ کے مطابق بطور بولنگ کنسلٹنٹ رومان رئیس کا انتخاب مختلف پلیئرز کے انٹرویوز کے بعد کیا گیا، ہیڈ کوچ یوہان بوتھا کا کہنا ہے کہ ٹیم کی حکمت عملی کے مطابق ہی رومان کو ٹیم کا بولنگ کنسلٹنٹ بنایا گیا ہے۔
رومان رئیس کا کہنا ہے کہ انہیں جب پہلے بولنگ کنسلٹنٹ کے لیے کہا گیا تو کافی حیرت ہوئی تاہم یہ پوزیشن حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے، بولرز کی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ٹیم انتظامیہ کا شکر گزار ہوں، ٹیم کے مالک علی نقوی نے ہمیشہ بہت سپورٹ کیا ہے، ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔
واضح رہے کہ رومان رئیس پہلے ایڈیشن سے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ رہے ہیں، یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا آغاز 20 فروری سے کراچی میں ہوگا۔