راولپنڈی: ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشت گرد مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دہشت گرد حبیب الرحمان مارا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش اور خاتممے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔