راولپنڈی: ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے ملازئی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
ٹانک، ملازئی میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد جہنم واصل، آئی ایس پی آر#ARYNews #ISPR pic.twitter.com/2RM653gWph
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) December 8, 2023
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی پر علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دہشت گرد حبیب الرحمان مارا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔