دمشق : غزہ کی پٹی اور لبنان میں جاری بربریت کے ساتھ اسرائیلی فوج نے ایک اور ملک کو اپنے نشانے پر رکھ لیا، فضائی حملے کرکے 8 فوجی ماردیئے۔
اس حوالے سے الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیل نے غزہ اور لبنان کے بعد شام پر بھی فضائی حملے شروع کردیئے ہیں۔
شامی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے شام کے فوجی ٹھکانوں پر کی جانے والی بمباری سے اب تک 8 شامی فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے "فضائی جارحیت” کرتے ہوئے شام کے ڈیرہ شہر کے قریب متعدد فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 8 اہلکار جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے اسرائیلی فوج کی جانب سے رات گئے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے شامی فوج کے ٹھکانوں اور مارٹر پوزیشنوں کو نشانہ بنایا ہے۔
حملے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ یہ شام کی طرف سے کل کی جانے والی راکٹ فائرنگ کی جوابی کارروائی تھی۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں لبنان اور شام کے ساتھ اسرائیل کی شمالی سرحدوں پر حزب اللہ اور اتحادی فلسطینی دھڑوں کے ساتھ مسلسل راکٹ اور توپ خانے کے تبادلے نے غزہ کی پٹی میں حماس کے ساتھ اسرائیل کی جنگ میں ایک نئے محاذ کا خدشہ پیدا کردیا ہے۔