اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ایندھن کے ٹینکر بھیجنے پر رضا مندی ظاہر کی گئی ہے، اسرائیلی مشیرِ قومی سلامتی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غزہ میں ایندھن کے ٹینکر بھیجنے کا فیصلہ امریکا کی درخواست پر کیا جارہا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی مشیرِ قومی سلامتی نے کہا کہ غزہ کے لیے ایندھن کے ٹینکر کی فراہمی کی منظوری اقوامِ متحدہ کے اداروں کی ضرورت کے پیشِ نظر دی گئی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ غزہ کے لیے یومیہ ایندھن کے 2 ٹینکر بھیجے جانے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ یرغمالیوں کی بڑی تعداد کی رہائی تک عارضی جنگ بندی پر رضامند نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب مزید پانچ ممالک نے فلسطین کی صورتحال پر بین الاقوامی فوجداری عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کریم خان نے کہا ہے کہ ریفرل جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، بولیویا، کوموروس اور جبوتی سے آیا ہے۔
خان نے بیان میں کہا کہ آئی سی سی کے پاس جون 2014 سے مبینہ جنگی جرائم کے لیے ”ریاست فلسطین کی صورت حال”کی تحقیقات جاری ہیں۔
فلسطینی حکام روم کے قانون کے دستخط کنندہ ہیں، جو آئی سی سی کے دائرہ اختیار کو قائم کرتا ہے جب کہ اسرائیل نہیں ہے۔
آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کریم خان نے کہا کہ جاری تحقیقات 7 اکتوبر 2023 کو ہونے والے حملوں کے بعد سے دشمنی اور تشدد میں اضافے تک پھیلی ہوئی ہیں۔