مزاحمت کا استعارہ فلسطینی لڑکی عہد تمیمی پھر گرفتار

مزاحمت کا استعارہ فلسطینی لڑکی عہد تمیمی کو اسرائیل فوج نے ایک بار پھر گرفتار کر لیا۔

یاد رہے اپریل 2015 میں عہد تمیمی کو نبی صالح گاؤں میں اپنے گھر کے سامنے دو اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ اور لاتیں مارنے کے جرم میں اسرائیلی عدالت نے سزا سناتے ہوئے آٹھ ماہ کے لیے جیل منتقل کرنے کا احکامات دیئے تھے۔

عہد تمیمی کو حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد وہ فلسلطین سمیت دنیا بھر میں مزاحمت کی ایک علامت بن گئی تھیں۔
بین الاقوامی سطح پر عہد کی حمایت اور اس کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے مہم چلائی گئیں۔ عہد کی سزا میں قید کے علاوہ پانچ ہزار اسرائیلی شیکل (1166 يورو) کا جرمانہ بھی شامل تھا۔

الجزیرہ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں عہد تمیمی کو اسرائیلی فورسز نے تشدد اور دہشت گردی پر اکسانے کے شبہ میں رات گئے گرفتار کیا۔

ان کے والد کو اس ہفتے کے شروع میں گرفتار کیا گیا تھا اور والدہ کا کہنا ہے کہ اسے اور عہد کے بھائی کو گرفتاری کی دھمکیاں ملی ہیں۔

اسرائیلیوں کا دعویٰ ہے کہ تمیمی نے ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ انتہائی اشتعال انگیز زبان پوسٹ کی جس میں اسرائیلیوں پر پُرتشدد حملوں کا مطالبہ کیا گیا۔

لیکن ان کی والدہ کا کہنا ہے کہ یہ جعلی اکاؤنٹ تھا جس نے پوسٹ کو شیئر کیا اور عہد کا نام اور تصویر استعمال کرنے والے متعدد انسٹاگرام اکاؤنٹس تھے۔