اسرائیل کی غزہ کے ایک اور اسپتال پر بم برسانے کی تیاری

اسرائیل کی غزہ کے ایک اور اسپتال پر بم برسانے کی تیاری

اسرائیل نے غزہ میں قائم ایک اور اسپتال کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنانے کی تیاری کرتے ہوئے اسے خالی کروانے کا حکم دے دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فلسطین ہلال احمر نے بتایا کہ اسے اسرائیلی حکام نے غزہ کے القدس اسپتال کو خالی کروانے کی تنبیہ دی۔

فلسطین ہلال احمر نے بتایا کہ صبح سے اب تک القدس اسپتال کے 50 میٹر دوری پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، ہمیں کہا گیا ہے کہ اسپتال فوری خالی کریں۔

رائٹرز کے مطابق جب اس حوالے سے اسرائیلی حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مؤقف دینے سے انکار کر دیا۔

اس سے قبل اسرائیل نے غزہ کے ایک اسپتال کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا تھا جس میں زیرِ علاج کئی مریض شہید ہوگئے تھے۔ امریکا اور یورپی ممالک سمیت دنیا بھر میں اس کی مذمت کی گئی تھی تاہم اسرائیل نے بمباری کا الزام حماس پر ڈال دیا تھا۔

غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے کئی زیادہ ہے۔ اسرائیل حماس کے ساتھ جنگ میں مسلسل ناکامی پر معصوم فلسطینیوں اور ان کی گھروں کو نشانہ بنا رہا ہے۔