اسرائیل نے غزہ میں بمباری کر کے مزید 83 فلسطینی شہید کر دیے

اسرائیل نے غزہ میں بمباری کر کے مزید 83 فلسطینی شہید کر دیے۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جنوبی اور شمالی غزہ میں شدید بمباری سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 83 فلسطینی شہید اور 105 زخمی ہو گئے۔

حماس کے جانبازوں کی جانب سے سخت مزاحمت اور 15 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی ٹینکوں، جنگی طیاروں ،اور ہیلی کاپٹروں سے غزہ کے علاقوں میں شدید گولہ باری کی گئی۔

خان یونس، نصیرات اور جبالیہ اور رفح میں رہائشی عمارتوں، پناہ گزین کیمپوں اور اقوامِ متحدہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، العودہ اسپتال کے قریب بھی اسرائیل نے بم برسائے، جہاں ڈاکٹرز ودھ آؤٹ بارڈرز کے مطابق پینے کا پانی ختم ہو چکا ہے، اور کئی روز سے جاری محاصرے کے سبب ایندھن کی فراہمی بھی معطل ہے، اسپتال کے لیے ریسکیو اور ہنگامی آپریشن جاری رکھنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 36 ہزار فلسطینی شہید اور 79 ہزار 366 زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ ساڑھے 6 لاکھ فلسطینیوں نے رفح سے نقل مکانی کی ہے۔