صیہونی فورسز کی پسپائی، اسرائیلی فوج کا بیان سامنے آگیا؟

اسرائیلی سوشل میڈیا پر سیہونی فورسز کی پسپائی سے متعلق خبروں پر اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افواہیں مت پھیلائیں، ہمارے سرکاری اکاؤنٹس سے اپ ڈیٹس حاصل کرتے رہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ہم آپ سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم عوام کو قابل اعتماد اوردرست معلومات مہیا کریں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں جن میں اسرائیلیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غزہ کی پٹی میں ایک انتہائی خطرناک واقعہ پیش آیا ہے۔

سینسر شپ کے باعث اس حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات شائع کرنے کی اجازت نہیں ہے، براہ کرم ہمارے سپاہیوں کے لیے شدید دعائیں کریں۔

دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں ناکامی پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے نیویارک آفس کے سربراہ کریگ موخیبر نے استعفیٰ دے دیا۔

کریگ موخیبر نے جنیوا میں ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے نام خط بھی لکھا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ غزہ میں جو ہو رہا ہے وہ ہر لحاظ سے نسل کشی ہے۔

کریگ موخیبر نے مزید لکھا کہ حد یہ ہے امریکا، برطانیہ اور بیش تر یورپی ممالک اِس خوفناک حملے میں برابر کے شریک ہیں، یہ حکومتیں جنیوا کنونشن کا احترام کرنے کی اپنی ذمہ داریاں نبھانے سے انکار کر رہی ہیں۔

ڈائریکٹر کریگ موخیبر نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینی شہریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے گہری نسل پرستانہ آباد کاری کے منصوبے کو ختم کیا جائے۔

انھوں نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک کو اپنا آخری باضابطہ مراسلہ بھیج کر تفصیل کے ساتھ لکھا کہ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داری میں کیسے ناکام ہوا۔