(22 جولائی 2025): اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یمن سے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے میزائل حملے کو ناکام بنا دیا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حوثیوں کی جانب سے میزائل حملہ اسرائیل کے بندرگاہ پورٹ پر فضائی حملے کے ایک دن بعد کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے ٹیلی گرام چینل کے ذریعے بتایا کہ اسرائیل کے کئی علاقوں میں کچھ دیر پہلے بجنے والے سائرن کے بعد یمن سے داغے گئے ایک میزائل کو آئی اے ایف نے روک دیا۔
یہ بھی پڑھیں: یمن کے حوثیوں نے اسرائیلی ایئرپورٹ کو ہائپر سونک ’فلسطین 2‘ میزائل سے نشانہ بنا دیا
اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے شروع کرنے کے بعد سے یمن کے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقے بار بار اسرائیلی حملوں کی زد میں آچکے ہیں۔
واضح رہے کہ حوثیوں کی جانب سے اسرائیل پر حملے غزہ کے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے کیے جاتے ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ گزشتہ روز حملوں نے حدیدہ پورٹ پر حوثیوں کے اہداف کو نشانہ بنایا اور اس کا مقصد پہلے سے متاثر ہونے والے انفراسٹرکچر کی بحالی کی کسی بھی کوشش کو روکنا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یمن کا حشر ویسا ہی ہوگا جو ایران کا ہے۔
ایک حوثی سکیورٹی اہلکار نے شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی بمباری نے پورٹ کو کافی متاثر کیا جسے حملوں کے بعد دوبارہ تعمیر کیا گیا تھا۔