غزہ (2 ستمبر 2025): اسرائیل نے غزہ میں حالیہ حملے کے دوران مزاحمتی تنظیم حماس کے دو سینئر کمانڈرز کو شہید کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جاری کیے گئے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ اس نے شمالی اور وسطی غزہ میں حماس کے خلاف کارروائیوں میں کمانڈر اور ڈپٹی کمانڈر کو شہید کیا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کی 99ویں ڈویژن اور شن بیٹ کی مشترکہ کارروائی میں احمد ابو ضیف کو شہید کر دیا گیا جو ان کے مطابق 2024 سے زیتون بٹالین کے ڈپٹی کمانڈر کے طور پر کام کر رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ احمد ابو ضیف نے اسرائیلی فوجیوں کے خلاف درجنوں حملوں اور گھات لگانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
صیہونی فوج نے طالب صدیقی طالب ابو عطیوی کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو کہ حماس کے عسکری ونگ میں نخبہ میں کمانڈر ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کر رکھا ہے تاہم حماس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔