اسرائیل کی غزہ میں تازہ بمباری سے پورا خاندان شہید ہوگیا

اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ بمباری، ایک ہی خاندان کے 15 افراد شہید

دہشتگرد اسرائیل نے غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر تازہ وحشیانہ بمباری کرتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 15 افراد کو شہید کر دیا۔

قطر کے سرکاری نیوز چینل الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شہید ہونے والے فلسطینیوں میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے وسطی غزہ میں ایک پناہ گاہ پر بمباری کی گئی جہاں شہدا نے پناہ لے رکھی تھی۔

اسرائیل نے پناہ گزین کیمپ سے چند کلو میٹر کی دوری پر ایک ویئرہاؤس پر میزائل برسائے۔

الجزیرہ کے نمائندے نے بتایا کہ حملے کے بعد بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی اور ویئرہاؤس میں موجود ہر چیز جل کر خاکستر ہوگئی، ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے لاشیں نکالنے کی کوششیں جاری رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاشوں کو الاقصیٰ اسپتال کے سرد خانے منتقل کیا گیا اور لواحقین کی جانب سے ان کی آخری رسومات کی تیاریاں جاری ہیں۔

اسرائیل نے امریکا، قطر اور مصر کے درمیان دوحہ میں جنگ بندی کیلیے مذاکرات کا دور ختم ہونے کے فوراً بعد فلسطینیوں پر حملہ کیا۔

یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں جبکہ 92 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔

غزہ میں جنگ بندی کی امید پیدا ہونے کے باوجود اسرائیل کے جنگی جنون میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔