روس نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا

ماسکو: روس نے غزہ کے فلسطینیوں پر اسرائیل کی جانب سے جاری وحشیانہ بمباری کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اسرائیلی بمباری عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اسرائیل ایک بڑی تباہی کا خطرہ پیدا کر رہا ہے۔

سرگئی لاوروف نے کہا کہ ہم دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں اور ساتھ ہی اس کے خلاف اٹھائے گئے ان غیر قانونی اقدامات کو بھی مسترد کرتے جن میں عام شہریوں اور یرغمالیوں کی جانوں کا خطرہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت سے کئی دہائیوں پر محیط تباہی کا خطرہ ہے، اسرائیلی بمباری سے ایسی تباہی کا خطرہ ہے جو کئی دہائیوں تک جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کی زندگیاں بچانے کیلیے ضروری ہے کہ اس جنگ کو فوری روکا جائے اور انسانی امداد کے پروگرام کا اعلان کیا جائے۔