نیتن یاہو کی مسلط کردہ بھوک نے اسرائیلی یرغمالی کو بھی نڈھال کر دیا، ویڈیو نے ہلچل مچا دی

اسرائیلی یرغمالی حماس ویڈیو

غزہ: فلسطینیوں پر صہیونی درندے نیتن یاہو کی مسلط کردہ بھوک نے اسرائیلی یرغمالی کو بھی نڈھال کر دیا ہے، حماس نے ایک یرغمالی کی ویڈیو جاری کر کے پورے اسرائیل کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

ویڈیو میں نڈھال جسم، لرزتی آواز اور آنکھوں میں موت کا خوف لیے 24 سال کے ایویاتار کو دیکھا جا سکتا ہے، جو حماس کے بنائے ہوئی ایک تنگ و تاریک سرنگ میں نڈھال حالت میں زمین کھودتا دکھائی دے رہا ہے۔

اسرائیل کی بربریت اور انسانیت سوز نسل کشی کے اقدامات کے باعث غزہ میں اسرائیلی یرغمالی بھی فاقوں کا شکار ہو گئے ہیں، حماس کی قید میں ایک لاغر یرغمالی کہتا سنائی دیتا ہے ’’ہم بھوکے ہیں، اپنی قبر خود کھود رہا ہوں، میرے پاس وقت بہت کم ہے۔‘‘

قیدی کی کربناک حالت نے نیتن یاہو کے خلاف غصے کی آگ بھڑکا دی، ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، قیدیوں کے اہل خانہ اسرائیلی وزیر اعظم سے جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اب بھی 50 کے قریب یرغمالی موجود ہیں، اور خیال کیا جاتا ہے کہ نصف سے بھی کم ابھی تک زندہ ہیں۔ غزہ میں قید اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ نے اتوار کو کہا کہ نیتن یاہو کا مسلسل اصرار کہ فوجی کارروائی ہی واحد حل ہے ’’ہمارے بیٹوں کی زندگیوں کے لیے براہ راست خطرہ بن گیا ہے، جو سرنگوں کے جہنم میں رہتے ہیں اور انھیں بھوک اور فوری موت کا خطرہ ہے۔‘‘

10 لاکھ انسان بھوکے مرنے والے ہیں!


اتوار کو جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں 10 لاکھ خواتین اور بچیاں اس وقت بھوک سے مر رہی ہیں۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں اقوام متحدہ نے کہا ’’10 لاکھ۔ غزہ میں کتنی خواتین اور لڑکیاں بھوک سے مر رہی ہیں۔ یہ خوف ناک صورت حال ناقابل قبول ہے اور اسے ختم ہونا چاہیے۔‘‘

یو این دفتر نے کہا ہم تمام خواتین اور لڑکیوں کے لیے جان بچانے والی امداد کی فراہمی، فوری جنگ بندی اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔