اسرائیلی صدر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پیرس میں طیارے میں موجود رہے۔
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ اور ان کے وفد کو فرانس میں لینڈنگ کے بعد مشتبہ سکیورٹی خطرے کی وجہ سے اپنے طیارے میں ہی رہنے پر مجبور کر دیا گیا۔
ہرزوگ اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے فرانس کے دارالحکومت پہنچے تھے۔ اسرائیلی نیوز پورٹل ’والا‘ نے کہا کہ یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب طیارہ لینڈ کرتے ہی قریبی عمارت کی چھت پر ایک شخص کو دیکھا گیا۔
اسرائیلی پبلک براڈکاسٹر KAN نے رپورٹ کیا کہ پیرس کے ہوائی اڈے پر سیکیورٹی کے ایک واقعے کے خدشے کے پیش نظر صدر ہرزوگ اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کو طیارے سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی اور قریباً 40 منٹ کے بعد صدر اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کو اترنے کی اجازت دی گئی۔
فرانس غزہ پر اسرائیل کی جنگ سمیت جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے دوران افتتاحی تقریب کو محفوظ بنانے کے لیے ہزاروں پولیس افسران کو تعینات کرے گا۔