غزہ میں جنگ جاری رکھی جائے یا نہیں؟ سروے میں اسرائیلی عوام کی رائے سامنے آگئی

غزہ میں جاری جنگ پر اسرائیلی عوام کی رائے منقسم، سروے

(18 جولائی 2025) غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی مظالم پر نئے سروے میں اسرائیلی عوام نے اپنے رائے کا اظہار کر دیا۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی نیوز آؤٹ لیٹ Maariv کی طرف سے کیے گئے حالیہ سروے کے نتائج سامنے آگئے۔

سروے میں اسرائیلی عوام کی 44 فیصد اکثریت نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ سے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے جبکہ 42 فیصد نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ جنگ اہداف کے حصول کی طرف لے جائے گی۔

11 فیصد اسرائیلی شہریوں نے اپنی رائے کا اظہار کرنے سے گریز کیا۔

نیوز آؤٹ لیٹ نے سروے رپورٹ میں بتایا کہ موجودہ مخلوط حکومت کی حمایت کرنے والوں میں سے 73 فیصد کا خیال ہے کہ فوج اپنے اہداف حاصل کر لے گی جبکہ 70 فیصد اپوزیشن کے حامی اس کے برعکس سوچتے ہیں۔

47 فیصد نے کہا کہ اسرائیل کو شام میں فوجی مداخلت کرنی چاہیے تاکہ ڈروز کی آبادی کو نقصان نہ پہنچے لیکن 27 فیصد نے مخالفت کی جبکہ 25 فیصد نے کہا کہ وہ اس معاملے پر کوئی رائے نہیں رکھتے۔