نہتے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنا بھی جرم بن گیا صہیونی فوج نے اسرائیلی ٹیچر کو گرفتار کر لیا۔
غاصب صہیونی ریاست کے مقبوضہ فلسطین اور نہتے فلسطینیوں پر تو مظالم کا سلسلہ دراز ہو چکا ہے لیکن اب صہیونی فوج نے ان مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنا بھی جرم بنا دیا ہے۔
صہیونی فوج نے ایک اسرائیلی ٹیچر کو گرفتار کیا ہے جس کا جرم صرف یہ ہے کہ اس نے مظلوم نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا گارجیئن کے مطابق اسرائیلی ٹیچر نے سوشل میڈیا پر اپنا پیغام شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے غزہ میں شہادتوں پر اظہارِ افسوس اور اسرائیل کے غزہ میں فوجی آپریشن پر تنقید کی تھی۔
طالب علموں کو تاریخ پڑھانے والے اسرائیلی ٹیچر نے اپنی پوسٹ میں اسرائیلی شہریوں کی کم علمی سے متعلق لکھا تھا اور کہا تھا کہ فلسطینی بھی انسان ہیں۔ انہوں نے نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کی مخالفت کی تھی۔
مذکورہ پوسٹ اسرائیلی ٹیچر کو مہنگی پڑ گئی جس کے بعد مذکورہ ٹیچر کو نہ صرف نوکری سے فارغ کر دیا گیا بلکہ صہیونی فوج نے گرفتار بھی کر لیا۔
اسرائیلی ٹیچر کا کہنا ہے کہ وہ انہیں حماس کا حمایتی کہنے پر اسرائیلی میڈیا پر مقدمہ کریں گے۔