’عدلیہ مخالف قرارداد سے واضح ہوگیا پی ڈی ایم الیکشن سے فرار چاہتی ہے‘

عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو جارحانہ حکمت عملی کا مشورہ دے دیا

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پوری طرح سے واضح ہو چکا کہ پی ڈی ایم ہر حال میں انتخابات سے فرارہی چاہتی ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ یہ سپریم کورٹ کے حوالے سے ایک غیرآئینی قانون لے کر آئے اور عدلیہ کیخلاف قومی اسمبلی سےایک قرارداد منظور کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اب انتخابات کو التواء میں ڈالنےکی کوشش کرنے اور سیکیورٹی کو اس کے ایک جواز کے طور پر استعمال کرنے کیلئے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے انکا یہ اقدام مسلح افواج کو عدلیہ ہی نہیں بلکہ براہِ راست قوم کے سامنے لاکھڑا کرے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج پاکستان پوری طرح جنگل کے قانون کی گرفت میں ہے پی ڈی ایم، سرپرستوں کا ایک ہی ایجنڈا ہے پی ٹی آئی کارکنان اور قائدین کا تعاقب، ضمانتوں کے باوجود علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنے کا فیصلہ پہلے ہی سےکیا گیاتھا اس سب کے باوجود انہیں الیکشن میں شکست فاش کی دھول چٹائیں گے۔