اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے 92 سالہ کشمیری رہنما علی گیلانی کا جسد خاکی چھیننا انتہائی شرمناک قرار دے دیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے حریت رہنما سید علی گیلانی کے جسد خاکی کی بے حرمتی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ کشمیری رہنما علی گیلانی کے اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کرنا اور بھی شرمناک ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا کہ ایسا کرنا بھارت میں فاشزم کی ایک اور مثال ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ بھارت نازی اور آر ایس ایس کے نظرئیے سے حکومت موجود ہے۔
پہلے 92 سالہ سید علی گیلانی جو محترم ترین اور بااصول کشمیری رہنماؤں میں سے ایک ہیں ، کا جسدِ خاکی چھیننا اور پھر ان کے اہلِ خانہ کیخلاف مقدمہ قائم کرنا نازیوں سے متاثر آرایس ایس-بی جے پی سرکار کے ہاتھوں ہندوستان کے سفاکیت پر گرنے کی ایک اور شرمناک مثال ہے۔https://t.co/GUZswvIRwN
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 5, 2021
خیال رہے کہ سید علی گیلانی گزشتہ روز طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ جموں و کشمیر پر قابص بھارتی فورسز کی جانب سے ان کی تدفین کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا اور وادی میں کرفیو نافذ کر کے انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی تھی۔
حریت رہنما سید علی گیلانی سپرد خاک، علاقے میں کرفیو
سید علی گیلانی کا جسد خاکی کو چھیننے کے بعد حیدر پورہ کے قبرستان میں صبح ساڑھے 4 بجے سپرد خاک کیا گیا تھا، اور اس سلسلے میں بھارتی فورسز نے حیدر پورہ قبرستان کو بھی سیل کر دیا ہے۔
بھارت فورسز نے ان کا جسدخاکی چھیننے کے بعد سید علی گیلانی کے اہل خانہ پر جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹنے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کا مقدمہ بھی درج کیا تھا۔