دادا کا خواب پورا کر دکھایا، اطالوی کرکٹر زین نقوی

دادا کا خواب پورا کر دکھایا، اطالوی کرکٹر زین نقوی

(21 جولائی 2025): اطالوی کرکٹ ٹیم کے بیٹر زین نقوی نے کہا ہے کہ میں نے اپنے دادا کا خواب پورا کر دکھایا ہے۔

اٹلی کرکٹ ٹیم کے بیٹر زین نقوی نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ہماری ٹیم کی ایک ہی سوچ تھی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنا ہے، ایک سال سے ورلڈ ٹی 20 کپ کوالیفائرز کی تیاری کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ کو ہرا کر ہم نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے، اٹلی میں زیادہ تر فٹبال پر خاص توجہ دی جاتی ہے اور کرکٹ کے فروغ میں تھوڑا وقت لگے گا۔

اٹلی کرکٹ ٹیم کے بیٹر نے کہا کہ اٹلی کو آئی سی سی کی طرف سے کم میچز ملتے ہیں، ٹی 20 ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے بعد اُمید ہے زیادہ میچز ملیں گے، ہم گراس روٹ لیول پر کرکٹ پروموشن پر کام کررہے ہیں۔

https://urdu.arynews.tv/t20-world-cup-2028-might-feature-32-teams/

اطالوی کرکٹر نے کہا کہ میں بارہ سال کی عمر میں والدین کے ہمراہ  پاکستان سے اٹلی منتقل ہوگیا تھا، منڈی بہاوالدین کے گاؤں کوٹ جعفر سے میرا تعلق ہے اور میرے دادا کی خواہش تھی کہ میں اٹلی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کروں۔

کرکٹر زین نقوی نے بتایا کہ اٹلی میں زیادہ تر پاکستانی کمیونٹی ٹیپ بال کرکٹ کھیلتی ہے، شروعات میں ٹیپ بال کرکٹ ہی کھیلی اور پھر پروفیشنل کرکٹ میں قدم جمایا، ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کی بدولت اٹلی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنا ہوں۔

اٹلی کرکٹ ٹیم کے بیٹر زین نقوی نے مزید کہا کہ بابر اعظم مجھے بہت پسند ہے تاہم انگلش کرکٹر جوس بٹلر کا بیٹنگ اسٹائل فالو کرتا ہوں۔