’جانِ جہاں‘ میں سویرا ندیم کا پوسٹر جاری

سویرا ندیم

اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ میں سینئر اداکارہ سویرا ندیم کا پوسٹر جاری کردیا گیا ہے۔

ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ میں اداکار حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان مرکزی کردار نبھائیں گے، مرکزی کرداروں کی پہلی جھلک گزشتہ دنوں جاری کی گئی تھی۔

اداکارہ نوال سعید نے بھی ڈرامے کے ہدایت کار قاسم علی مرید کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی۔

تاہم اب سینئر اداکارہ سویرا ندیم کے کردار کا پوسٹر جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں سنجیدگی کا تاثر دیتے دیکھا جاسکتا ہے تاہم ان کے کردار کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سویرا ندیم نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

جانِ جہاں کی ہدایت کاری کے فرائض قاسم علی مرید نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی ردا بلال نے لکھی ہے۔

اس سے قبل ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ کا او ایس ٹی ’تیرا عشق جو طاری ہوا‘ ریلیز کیا گیا تھا جس میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

پہلی جھلک میں حمزہ علی عباسی شعر پڑھتے ہیں جس کے بول کچھ یوں ہیں، ’تجھے اشکوں میں چھپایا ہے اب تک، تجھے پلکوں پر بٹھانا باقی ہے، کسی آیت کی طرح اے جان جہاں تجھے آنکھوں سے لگانا باقی ہے۔‘

عائزہ خان پہلی جھلک میں کہتی ہیں کہ ’میری جان ہے تجھ سے، میرا جہاں بھی ہے تجھ سے، میرا خود سے تم ہوکر فنا ہوجانا ابھی باقی ہے۔‘