ممبئی: بالی وڈ اداکار و ڈانسر ٹائیگر شروف کی والدہ عائشہ شروف کے ساتھ افسوسناک واقعہ پیش آگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق لیجنڈی اداکار جیکی شروف کی اہلیہ عائشہ کے ساتھ 58 لاکھ (بھارتی روپے) کا فراڈ ہوگیا۔ ان کی شکایت پر ممبئی کے سانتا کروز پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی کا مقدمہ ملزم ایلن فرنانڈز کے خلاف درج کرلیا گیا۔
مقدمے میں انڈین پینل کوڈ کی 420، 408، 465، 467 اور 468 دفعات شامل کی گئیں۔
ملزم ایلن فرنانڈز کو 20 نومبر 2018 کو ایم ایم اے میٹرکس کمپنی میں ڈائریکٹر آف آپریشنز کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ مذکورہ کمپنی ٹائیگر شروف اور ان کی والدہ عائشہ کی ہے۔
ایلن فرنانڈز نے کمپنی کے ذریعے بھارت اور بھارت سے باہر مجموعی طور پر 11 ٹورنامنٹس کروانے کیلیے رقم لی تھی۔ ٹورنامنٹس کا انعقاد نہ کروانے کے باوجود رقم تاحال واپس نہیں کی گئی۔
کمپنی کے بینک اکاؤنٹ سے دسمبر 2018 سے جنوری 2023 تک جمع ہونے والی کُل رقم 58 لاکھ 53 ہزار 591 روپے ہے۔
پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
یہ پہلی بار نہیں کہ عائشہ شروف نے کسی کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کروایا ہو۔ 2015 میں 4 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات کی عدم ادائیگی پر عائشہ شروف نے اداکار ساحل خان کے خلاف فراڈ اور مجرمانہ دھمکیوں کے الزام پر مقدمہ درج کروایا تھا۔