جہانگیر ترین نے سیاسی ساتھیوں اور رفقا سے پارٹی کے نام کی تجاویز مانگ لیں

جہانگیر ترین

اسلام آباد : جہانگیر ترین نے سیاسی ساتھیوں اور رفقا سے پارٹی کے نام کی تجاویز مانگ لی ہیں، وہ رواں ماہ ہی پارٹی لانچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہانگیرترین کی اپنی پارٹی کے قیام سے متعلق مشاورت جاری ہے، جہانگیرترین آج بھی اسلام آبادمیں اہم شخصیات سےملاقاتیں کررہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین سے پنجاب سے پی ٹی آئی چھوڑنے والی شخصیت نے رابطہ کیا جبکہ جہانگیر ترین کا اپنے گروپ کے مختلف ممبران سے بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین نے سیاسی ساتھیوں اور رفقا سے پارٹی کے نام کی تجاویزمانگ لیں، نئی جماعت کیلئےنام منشور،آئین سمیت دیگر امور پر تجاویز مانگی گئیں جبکہ پارٹی عہدوں سے متعلق بھی تجاویز مانگی ہیں۔

ذرائع نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین رواں ماہ ہی پارٹی لانچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اسلام آباد میں موجود جہانگیر ترین نے اپنی لیگل ٹیم سے بھی مشاورت کی۔

ملاقات میں انھوں نے قانونی ٹیم کو الیکشن کمیشن میں پارٹی رجسٹریشن کے معاملات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے، وہ چاروں صوبوں اور وفاقی سطح پر پارٹی کی تنظیم بنائیں گے۔

جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق ممکنہ پٹیشن پر بھی لیگل ٹیم سے مشاورت کی ،وہ اہم ملاقاتوں کے بعد آج لاہور روانہ ہوجائیں گے۔