جہانگیر ترین اچانک اسلام آباد روانہ، اہم شخصیات سے ملاقاتوں کا امکان

استحکام پاکستان پارٹی

پاکستان تحریک انصاف کے سابق سینئر رہنما جہانگیر رین خصوصی طیارے کے ذریعے اچانک لاہور سے دارالحکومت اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ جہانگیر ترین کی اسلام آباد میں اہم شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہیں جبکہ وہ نئی پارٹی کے حوالے سے سیاسی رہنماؤں سے مشاورت بھی کریں گے۔

مئی کے پُرتشدد واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے والے جہانگیر ترین سے رابطے کر رہے ہیں اور ایسے کئی افراد نے ان سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکپتن سے سابق ایم این اے احمد شاہ گھگہ، ڈاکٹر امجد اور سابق رکن پنجاب اسمبلی سعید اکبر نوانی نے جہانگیر ترین سے ملاقاتیں کیں جن میں میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری بھی موجود تھے۔

ملاقاتوں میں جہانگیر ترین کی نئی پارٹی میں شامل ہونے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور منحرف رہنماؤں کی جانب سے مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نئی سیاسی جماعت کا قیام

دوسری جانب جہانگیر ترین، جنہوں نے گزشتہ دنوں نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا اور اس کیلیے لاہور میں اپنا سیاسی دفتر بھی کھول لیا تھا، نے پارٹی کے نام کیلیے اپنے گروپ ممبران سے مشاورت شروع کر دی جس کے لیے انہوں نے ٹیلیفون پر بھی گروپ ممبران سے رابطے کیے ہیں۔