جہانگیر ترین کل اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا باضابطہ اعلان کریں گے نا اہلی کے باعث انکا پارٹی پیٹرن ان چیف بننے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق رہنما جہانگیر ترین جو گزشتہ ماہ سے نئی سیاسی جماعت کے قیام کے لیے سرگرم ہیں اور اس دوران وہ اسلام آباد اور لاہور میں کئی اہم شخصیات سے ملاقات بھی کرچکے ہیں اب ذرائع نے بتایا ہے کہ ان کی پارٹی کی تشکیل کا کام آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے اور وہ کل اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین جو عدالت کی جانب سے نا اہل قرار دیے گئے ہیں نا اہلی کے باعث ان کے پارٹی کا پیٹرن ان چیف بننے کا امکان ہے جب کہ نا اہلی ختم ہونے کی صورت میں وہ پارٹی کے چیئرمین ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ پارٹی کے صدر کا عہدہ عبدالعلیم خان کو ملنے کا امکان ہے جب کہ عون چوہدری کو پارٹی آرگنائزر بنایا جائے گا۔
جہانگیر ترین اور اہم ترین سینئر سیاسی رہنما لاہور پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر گروپ کا اجلاس بلا رکھا ہے نئی سیاسی جماعت کی تشکیل، نام اور دیگر امور کو آج رات تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین تحریک انصاف چھوڑنے والے بڑے ناموں کے ساتھ آج اپنی نئی مجوزہ پارٹی میں شمولیت کے معاملات طے کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین کل اپنے گروپ کے ہمراہ لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرکے نئی سیاسی جماعت کا اعلان کریں گے۔