’چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی کرسی سنبھالتے ہی ہم لوگوں کو نکال دیا‘

جہانگیر ترین

خانیوال: استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی کرسی سنبھالتے ہی ہم لوگوں کو پارٹی سے نکال دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جہانیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے کہا کہ دس سال پہلے ہم سب بہتر پاکستان بنانے اکٹھے ہوئے لیکن افسوس ہمارا خواب پورا نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ان لوگوں کے پاس چلی گئی جن کا ایجنڈا ملک کی بہتری نہیں تھا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم اپوزیشن جماعتوں کو اپنا دشمن نہیں سمجھتے اور نہ ہی محاذ آرائی، سیاسی انتقام پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی زراعت کی خدمت میں گزار دی ہے، ہم نے دیہات میں بجلی، صاف پانی اور خوشحالی لانی ہے، ہم نے پہلا جلسہ کسی شہر میں نہیں بلکہ ایک دیہی علاقے میں کیا ہے، یہ صرف نعرے نہیں ہیں، ملکی ترقی کے لیے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔

دوسری جانب آئی پی پی کے صدر علیم خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت آئی تو 300 یونٹ تک بجلی یونٹ والوں کا خرچہ حکومت دے گی اور غریبوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول فراہم کیا جائے گا، پیٹرول کی قیمت بڑے لوگوں سے وصول کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت مزدور کی کم از کم اجرت 50 ہزار مقرر کرے گی جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ تک کے کسانوں کیلیے ٹیوب ویل بجلی مفت ہوگی، جن کے پاس گھر نہیں ان کیلیے اپارٹمنٹ بنیں گے، سرکاری اراضی کو غریبوں کیلیے استعمال کیا جائے گا، کچی آبادی میں رہنے والوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔

علیم خان نے کہا کہ آئی پی پی ملک کے غریبوں کو دلدل سے نکالے گی، اس ملک کو چوروں کی حکمرانی سے نجات دلائیں گے، ہم نے ملک میں بادشاہت کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا۔