ملک میں مکئی کی کاشت میں اضافہ، جلال پور بھٹیاں میں بھی کاشت کا رجحان چل پڑا

رپورٹ: محمد منیر تبسم

جلال پور بھٹیاں: پنجاب کے شہر جلالپور بھٹیاں کی زرخیز زمین میں چاول اور گندم کے بعد مکئی کی کاشت کا رجحان بھی چل نکلا ہے، جب کہ مجموعی طور پر ملک میں مکئی کی کاشت میں اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مکئی کی پیداوار نے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کیا ہے، صوبہ پنجاب میں مکئی کی ایک سال میں دو فصلیں کاشت کی جاتی ہیں۔

پاکستان کی غذائی اجناس میں گندم اور چاول کے بعد سب سے زیادہ کاشت کی جانے والی تیسری اہم فصل مکئی ہے، حالیہ برسوں میں مکئی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب جلالپوربھٹیاں میں بھی وسیع پیمانے پر مکئی کی کاشت کی جانے لگی ہے۔

گزشتہ 20 برسوں میں پاکستان میں مکئی کی پیداوار 4 گنا اضافے کے ساتھ 60 من فی ایکڑ تک پہنچ چکی ہے، مکئی کی پیداوار سے جہاں ملکی معیشت کو استحکام ملا ہے، وہاں کاشت کاروں کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

مکئی پاکستان کی خریف کی اہم فصل ہے جو صنعتی طور پر استعمال ہوتی ہے، پنجاب میں مکئی کی ایک سال میں دو فصلیں کاشت کی جاتی ہیں، صوبے میں مکئی کی روٹی مکھن اور ساگ کے ساتھ بڑے شوق سے کھائی جاتی ہے۔

پاکستان میں گندم اور چاول کے بعد مکئی تیسری بہت زیادہ اہمیت کی حامل فصل ہے، جسے پوری دنیا میں خوراک، چارہ اور صنعتی فصل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔