’جماعت اسلامی کھمبوں اور پلوں پر قبضہ کر رہی ہے‘

پیپلزپارٹی کی جانب سے میئرکراچی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے اپنی حریف جماعت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کراچی میں سعید غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جماعت اسلامی قبضہ گروپ ہے جو کھمبوں اور پلوں پر قبضہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کھمبوں اور پلوں پر جماعت اسلامی کے جھنڈے لگے ہیں، حافظ نعیم کی تصاویر بھری پڑی ہیں یہ کھمبوں اور پلوں پر قبضہ کر رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سوال ہونا چاہیے کہ جماعت اسلامی نے الیکشن پر اربوں روپے کہاں سے خرچ کیے ہیں ان کے پاس الیکشن اخراجات کے اتنے پیسے کہاں سے آئے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الخدمت خیرات کے اربوں روپے الیکشن مہم پر خرچ کرنے کا جماعت اسلامی جواب دے، سراج الحق کراچی کے بلدیاتی نتائج پر اپنی معلومات درست کر لیں۔

سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس وقت کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے، پیپلز پارٹی کے کراچی سے 5 قومی اور 7 صوبائی اسمبلی کے ارکان ہیں جبکہ جماعت اسلامی کا صرف آدھا رکن صوبائی اسمبلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی نے پیپلز پارٹی کو مینڈٹ دیا ہے اور میئر بھی ہمارا ہی ہوگا، جماعت اسلامی رونا دھونا بند کر کے اپنی شکست تسلیم کرے۔

حافظ نعیم الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ میئر بننے کی لاعلاج بیماری میں مبتلا ہیں، میئر بننے کی بیماری نے ان کو حواس باختہ کر دیا ہے، حافظ نعیم کراچی میں منافرت اور نفرت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔