کراچی: جماعت اسلامی نے غلط بیانی پر الیکشن کمیشن کو قانونی نوٹس بھجوادیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بلدیاتی انتخابات ملتوی کروانے کیلئے درخواست دینے کا الزام عائد کرنے پر جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن کو قانونی نوٹس بھجوادیا ہے، جس میں الیکشن کمیشن سے غلط بیانی پر غیرمشروط معافی مانگے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نوٹس میں جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے معافی نہ مانگنے کی صورت میں ادارے کے خلاف 50 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔
پبلک ایڈ کمیٹی جے آئی کراچی نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ہماری جماعت نے ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی، عدالت میں سندھ حکومت انتخابات کے انعقاد کے خلاف کھڑی ہوئی، بلدیاتی انتخابات کے اعلان پر ان جماعتوں نے الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جماعت اسلامی پر الیکشن کے التواء کے حوالے سے درخواست دینے کا الزام عائد کیا تھا۔
جے آئی نے الیکشن کمیشن کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر معافی مانگے، ورنہ اس گمراہ کن بیان پر الیکشن کمیشن کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔