جماعت اسلامی کا میئر کراچی انتخاب کالعدم قرار دینے کا مطالبہ

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ محمد نعیم نے گزشتہ روز ہونے والے میئر کراچی کے لیے الیکشن کو کالعدم قرار دینے اور ازسر نو شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی اور میئر کے انتخاب میں ناکام حافظ نعیم نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ روز ہونے والے میئر کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے اور الیکشن شیڈول دوبارہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ میئر کے جعلی انتخاب اور غیر جمہوری و غیر آئینی عمل کو مسترد کرتے ہیں، 15 جون نہ صرف کراچی بلکہ پورے سندھ اور ملک کی جمہوری تاریخ کا بدترین دن تھا۔ تشدد، پتھراؤ اور لاٹھی چارج سے کئی کارکنان زخمی ہوئے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ حکومتی جبر وتشدد، غیر قانونی اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کیخلاف بھرپور مزاحمت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ اپنا میئر مسلط کر لیا اور اب معاملہ ختم ہو گیا تو وہ کسی خام خیالی میں نہ رہے، یہ کون سا قانون ہے جس میں 193 والے ہار جائیں اور 173 والے جیت جائیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ شکست ان کو ہوئی ہے جنہوں نے منتخب نمائندوں کو اغوا اور لاپتہ کرکے الیکشن پر قبضہ کیا اور جمہوریت پر کالک ملی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آرٹس کونسل میں ہونے والے الیکشن میں پی پی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہوگئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل حافظ نعیم کو 161 ووٹ ملے تھے۔ شو آف ہینڈ کے ذریعے ہونے والے اس الیکشن میں میں کے ایم سی کے 366 کے ایوان میں 332 ممبران نے شرکت کی تھی اور پی ٹی آئی کے 30 سے زائد اراکین ووٹ ڈالنے نہیں آئے تھے۔

جماعت اسلامی نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے پی پی پر دھاندلی اور پی ٹی آئی ممبران کے اغوا کا الزام عائد کیا تھا جب کہ جمعے کے روز (آج) ملک گیر یوم سیاہ منانے کا بھی اعلان کیا تھا۔