جمیکا ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم نے 160 رنز کے مجموعے پر 5 وکٹیں گنوا دیں

جمیکا : پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، قومی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنالیے اور اسے ویسٹ انڈیز پر 124 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر قومی ٹیم مشکلات میں گھرگئی، پاکستان کی 160 رنز کے مجموعی اسکور پر پانچ وکٹیں گنوا چکا، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 124 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

بابر اعظم 54 اور فہیم اشرف 12 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اوپنر عمران بٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، عابد علی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، اظہر علی 23 رنز پر کیمار روچ کا نشانہ بنے، فواد عالم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ محمد رضوان 30 رنز بناکر جیدن سیلز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ نے دو اور جیدن سیلز نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم گزشتہ روز کے اسکور 251 رنز میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرسکی اور پوری ٹیم 253 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف 36 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سےکپتان کریگ برتھ ویٹ 97 اور جیسن ہولڈر 58 رنز بناکر نمایاں رہے، روسٹن چیز اور بلیک ووڈ نے بالترتیب 21 اور22 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے4 اور محمد عباس نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،فہیم اشرف اور حسن علی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔