’بجٹ منظوری پر آئی ایم ایف زندہ باد کہوں گا‘

جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے بجٹ منظوری کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منظوری پر میں آئی ایم ایف زندہ باد کہوں گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں آج فنانس بل 2023 اور آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں بجٹ کی منظوری کے وقت ایوان میں حکومتی بینچز پر 62 اراکین موجود تھے جب کہ اپوزیشن بینچ پر واحد رکن جماعت اسلامی کے عبدالاکبر چترالی تھے جنہوں نے فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوانے کی تحریک پیش جس کی وزیر خزانہ نے مخالفت کی اور ایوان نے اس تحریک کو مسترد کر دیا۔

بجٹ کی منظوری کے بعد جماعت اسلامی کے ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی نے اس کو مسترد کر دیا اور کہا کہ بجٹ منظوری پر میں صرف آئی ایم ایف زندہ باد کہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں شامل اضافی ٹیکسز پر ایوان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور اس کی منظوری کے بعد ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔