کوئٹہ: نگراں وزیر اطلاعات و نشریات جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعات کے ذمہ داروں کو انتخابات کیلیے اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ عوام دہشتگردوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو دشمن کے ہتھکنڈوں کا بخوبی علم ہے۔
جان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کے جوانوں کو قومی سطح پر کرکٹ میں نمائندگی کے مواقع دیں گے، افغان باشندوں کے بلوچستان میں 2 لاکھ سے زائد جعلی کارڈ بلاک کیے گئے۔
اس سے قبل انہوں نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ لانگ مارچ کرنے والوں کے مطالبات غیر آئینی ہیں، اسلام آباد میں خواتین پر تشدد ہوا اور نہ واٹر کینن سے نشانہ بنایا گیا۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ریاست اپنے اداروں کو غیر مسلح نہیں کر سکتی، دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی، الیکشن قریب ہے اس لیے انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ناراض بلوچوں کے لیڈرز کے قومی دھارے میں شامل ہونے سے بھارت کو دھچکا لگا، ہر بلوچ اتنا ہی محب وطن ہے جتنا ایک پنجابی، ایک پٹھان اور ایک سندھی ہے، بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
نگراں صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مٹھی بھر افراد نے تربت سے نکل کر ایجنڈے کے طور پر اسلام آباد لانگ مارچ کیا، لانگ مارچ کا مقصد ہے دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ دی جائے، شناختی کارڈ دیکھ کر پنجابی اور پشتونوں کو قتل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں غیر بلوچوں کو قتل کیا گیا اس پر کوئی کمیشن کیوں نہیں بناتا، مسنگ پرسنز بی ایل اے کے کارکن ہیں، یا تو وہ بھارت میں ہیں یا پہاڑوں پر ہیں۔