کارتک آریان کے ساتھ بالی ووڈ فلم آفر ہوئی تھی، جنت مرزا

پاکستانی ٹک ٹاکر و اداکارہ جنت مرزا نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ اداکار کارتک آریان کے ساتھ فلم کی آفر ہوئی تھی۔

ٹک ٹاکر جنت مرزا کا ماضی کا مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں میزبان ان سے پوچھتی ہیں کہ بالی ووڈ میں کب نظر آئیں گی کوئی آفر آئی ہے؟

جواب میں جنت مرزا کہتی ہیں کہ ایک آفر کارتک آریان کے ساتھ مرکزی کردار کی آئی تھی لیکن میں نے انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ میں بھارت جاکر کبھی بھی کام نہیں کرسکتی، والدین نہیں مانتے اور میرا اپنا دل بھی نہیں مانتا کہ وہاں جاکر کام کروں۔

اگرچہ انہوں نے کارتک آریان کے ساتھ فلم میں کام کی پیش کش ہونے کا دعویٰ کیا، تاہم انہوں نے فلم سے متعلق مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔

یہ پڑھیں: اسکردو کے پہاڑوں میں شادی کروں گی، جنت مرزا

واضح رہے کہ جنت مرزا ایک پنجابی فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ میں کام کر چکی ہیں، جس کی ہدایات سید نور نے دی تھیں اور صائمہ نے ان کی والدہ کا کردار ادا کیا تھا لیکن فلم فلاپ ہوگئی تھی۔

جنت مرزا متعدد اشتہارات میں نظر آ چکی ہیں لیکن انہوں نے کسی ڈرامے یا بڑے بجٹ کی کسی دوسری فلم میں کام نہیں کیا۔

اس سے قبل انٹرویو میں میزبان نے پوچھا تھا کہ جب شادی کریں گی تو اس کے لیے کس مقام کا انتخاب کریں گی؟

جنت مرزا نے کہا تھا کہ میں اسکردو میں شادی کروں گی، سوچا ہوا ہے لیکن یہ پلان میری بہن علیشبہ کا تھا جسے میں نے لے لیا ہے، چھوٹی سی شادی کی تقریب ہو قریبی لوگ آئیں، لیکن ماما اور پاپا چاہتے ہیں کہ بہت سے لوگ آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکردو میں شادی کے لیے والدین کو منانے کی کوشش کروں گی، وہاں پہاڑیاں ہوں گی اور سفید کلر سے جگہ کو سجایا جائے گا۔