جاپان نے پاکستان کو ہرا کر انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ جیت لیا

چین (13 جولائی 2025): پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستان ٹیم کو فائنل میں جاپان نے ہرا کر انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ جیت لیا۔

چین میں کھیلے گئے انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان کے مستقبل کے ستارے خوب جگمگائے اور ہر ٹیم کو ہراتے ہوئے ناقابل شکست رہ کر فائنل میں پہنچے۔ لیکن گولڈ میڈل قریب آکر ہاتھ سے نکل گیا۔

جاپان نے پاکستان کو تین صفر سے ہرا کر انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ جیت لیا اور پاکستان کو ایک اور گولڈ میڈل کے حصول سے محروم کر دیا۔

فائنل میں جاپان نے دوسرے، تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں ایک ایک گول کیا۔ پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے والی قومی ٹیم فائنل میں ایک گول بھی نہ کر سکی۔

واضح رہے کہ انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ میں پول میں پاکستان نا قابل شکست رہا اور میزبان چین سمیت چاروں ٹیموں کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔