ٹوکیو: جاپان کے صوبے اشیکاوا میں گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے باعث مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 62 ہو گئی ہے، جب کہ 300 سے زیادہ شہری زخمی ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیر کو جاپانی صوبے اشیکاوا میں 7.6 شدت کا زلزلہ آنے کے بعد بڑے پیمانے پر ہر سو تباہی ہی تباہی پھیلی نظر آتی ہے، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو حکام کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔
جاپانی ریسکیو اہلکار زلزلے سے بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، جب کہ اشیکاوا حکام نے کہا ہے کہ شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور بار بار آفٹر شاکس سے امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔
زلزلے سے متاثرہ شہر اشیکاوا میں ٹرینوں اور پروازوں کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے، رن وے پر دراڑیں پڑ گئی ہیں، ایئر پورٹ عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔
لینڈنگ کے دوران مسافروں سے بھرے طیارے میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی
ہزاروں گھروں کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے، انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہے، اب تک زلزلے کے بعد 1500 کے قریب آفٹر شاک آ چکے ہیں، حکومت نے بتایا کہ 31,800 سے زیادہ لوگ پناہ گاہوں میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔