جاپان میں گرمی کا 126 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

ایشیائی ملک جاپان میں بھی قیامت خیز گرمی پڑ رہی ہے اور وہاں 126 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جولائی کو گرم ترین مہینہ قرار دے دیا گیا ہے۔

موسمیاتی تبدیلی سے دنیا کے تمام ممالک جزوی یا مکمل طور پر متاثر ہو رہے ہیں اور دنیا کی بڑی آبادی شدید گرمی، غیر متوقع بارشوں، سیلاب کی صورت اس کے نتائج بھگت رہی ہے۔

جاپان میں بھی گرمی کا 126 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور گزشتہ ماہ جولائی کو گرم ترین مہینہ قرار دے دیا گیا ہے۔

جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق رواں سال جولائی کے مہینے میں گرمی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے اور درجہ حرارت اوسط سے 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک زائد رہا جب کہ گزشتہ سال اسی ماہ کے دوران اوسط درجہ حرارت 1.91 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے بتایا کہ اپریل سے لے کر اب تک جاپان میں ہیٹ اسٹروک سے 59 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔