جیسن رائے کی دھواں دھاراننگز، کوئٹہ کامیاب

جیسن رائے کی تاریخ ساز سینچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنڈی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو آٹھ وکٹوں سےشکست دےدی ہے، کوئٹہ نے زلمی کی جانب سے دیا گیا 241 رنز کا ہدف 10 گیندوں قبل حاصل کرتے ہوئے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا۔

جیسن روئےنے63گیندوں پر145رنز کی تاریخ ساز اننگز کھیل کر زلمی کے ارمانوں پر پانی پھیرا، کوئٹہ کے بیٹر نے 20 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔

محمد حفیظ 41 اور ول اسمیڈ نے 26 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں حصہ ڈالا۔

اس سے قبل صائم ایوب اور بابراعظم کی ریکارڈ اوپننگ شراکت داری کے باعث پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے تھے۔

کپتان بابراعظم اور صائم ایوب نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور کوئٹہ کے کسی بولر کی چلنے نہ دی، دونوں بیٹرز نے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیل کر شائقین کرکٹ کو خوب تفریح فراہم کی۔

بابراعظم نے ناقابل شکست سینچری اسکور کی، انہوں نے 65 گیندوں پر 115 رنز بنائے، بابرکی اننگز میں 3 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے۔

صائم ایوب نے 34 گیندوں پر 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔پشاور زلمی کے اختتامی اوورز میں رویمن پاؤل نے برق رفتاری کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا اور 18 گیندوں پر 35 رنز بٹورے۔

کوئٹہ کی جانب سے ڈیوائن پرٹوریس کے حصے میں صرف ایک وکٹ آئی۔

ٹاس کے موقع پر کپتان پشاور زلمی بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا کمبی نیشن بہت اچھا بنا ہوا ہے اسی لئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، کوشش ہوگی کہ اچھا ٹوٹل بناکر دفاع کریں۔

بابراعظم نے بتایا کہ آج کے میچ کے لئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

سرفراز کی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کمان سنبھالنے والے محمد نواز کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کرتے۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کرینگے کہ پشاور زلمی کو کم سے کم رنز تک محدود رکھیں۔ کپتان محمد نواز نے بتایا کہ جیسن روئے اور محمد حسنین کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔